پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں گورنر راج کے امکان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے پر مشاورت ہو چکی ہے اور آئین میں بھی اس کی گنجائش موجود ہے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے پاکستان تحریک انصاف کے مجوزہ لانگ مارچ پر بھی تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے لانگ مارچ کے لیے خاطر خواہ تیاری نظر نہیں آ رہی اور پارٹی کے بعض رہنما گرفتاریاں دے رہے ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا نے صوبے میں پولیس کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو مناسب سہولیات اور تنخواہیں نہیں مل رہیں، جبکہ صوبائی حکومت پولیس کو سیاسی فورس میں تبدیل کرنا چاہتی ہے۔ ان کے مطابق وہ ایسے اقدامات کے سامنے رکاوٹ بنیں گے اور پولیس کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے ڈی ایس پیز کی بھرتی میں 25 فیصد کوٹے کی خواہش ظاہر کی گئی ہے، تاہم وہ ایسے قانون کی مخالفت کریں گے جسے وہ درست نہیں سمجھتے۔
گورنر کے مطابق خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال، دہشت گردی، مبینہ لاقانونیت اور دیگر مسائل کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر راج کا نفاذ آئین کے دائرے میں ممکن ہے اور اس حوالے سے مشاورت کی گئی ہے۔
لانگ مارچ سے متعلق فیصل کریم کنڈی نے دعویٰ کیا کہ انہیں توقع ہے کہ پی ٹی آئی آج یا کل لانگ مارچ ختم کرنے کا اعلان کر سکتی ہے۔
Lahore 25°C
Karachi 28°C


