اسلام آباد: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں عمران خان کی رہائی، انصاف کی فراہمی، آئین و قانون کی بالادستی، امن و امان سمیت مختلف اہم سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس میں آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر مشاورت کی جائے گی۔ شرکا نے جمہوریت، آئین کی بالادستی اور پارلیمانی نظام کے استحکام کے لیے اپوزیشن جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے پنجاب، سندھ، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوروں کے دوران سیاسی قیادت سے ملاقاتیں اور عوامی رابطہ مہم بھی کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق مختلف صوبوں میں پارٹی تنظیموں سے مشاورت کے بعد اجلاسوں اور ملاقاتوں کا شیڈول طے کیا جائے گا، جبکہ تمام اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لینے کی کوشش کی جائے گی۔

ملاقات میں تحریک کو مزید منظم اور مؤثر بنانے اور عوامی رابطہ مہم کو وسعت دینے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

شرکا نے عمران خان، بشریٰ بی بی اور تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی، انصاف کی فراہمی اور جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

اس کے علاوہ وکلا، طلبہ، کسانوں، مزدوروں اور دیگر طبقات کے جرگے منعقد کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔