اسلام آباد: وزارت داخلہ نے 284 غیر ملکی شہریوں کے ویزے منسوخ کرتے ہوئے گرفتار افراد کے لیے 15 روزہ ون ٹائم ایگزٹ پرمٹ جاری کردیئے ہیں۔


ذرائع کے مطابق یہ غیر ملکی شہری گلبرگ گرینز میں واقع اسپارکو پلازا کے خلاف کیے گئے آپریشن کے دوران گرفتار کیے گئے تھے۔ گرفتار افراد میں اکثریت ویتنام، انڈونیشیا اور چین کے شہریوں کی ہے۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے بیشتر غیر ملکی سیاحتی یا وزٹ ویزوں پر پاکستان آئے تھے۔ وزارت داخلہ کے فیصلے کے تحت تمام 284 غیر ملکیوں کو 15 روز کے اندر پاکستان سے روانہ کیا جائے گا۔


حکام کے مطابق پاکستان سے روانگی کے بعد ان غیر ملکی شہریوں کے نام بلیک لسٹ اور فارنرز کنٹرول لسٹ میں شامل کیے جائیں گے۔


ذرائع کے مطابق ملک بدر کیے جانے والے افراد کو مستقبل میں دوبارہ پاکستانی ویزا جاری نہیں کیا جائے گا۔


وزارت داخلہ کی جانب سے یہ کارروائی غیر ملکی شہریوں کی قانونی حیثیت اور ویزا شرائط کی خلاف ورزیوں سے متعلق اقدامات کے تحت کی گئی ہے۔