اسلام آباد :صدر پاکستان آصف علی زرداری نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی 355 ملکی و غیر ملکی شخصیات کے لیے پاکستان سول ایوارڈز کی منظوری دے دی ہے، جن میں سماجی بہبود کے شعبے میں خواجہ سرا نایاب علی کے لیے ستارہ امتیاز بھی شامل ہے۔
تازہ رپورٹس کے مطابق نایاب علی خواجہ سرا افراد کے حقوق کے لیے خدمات انجام دینے والی نمایاں شخصیات میں شامل ہیں۔ نایاب علی کی خدمات کو خاص طور پر خواجہ سرا افراد کے حقوق، سماجی بہبود اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے شعبے میں سراہا گیا ہے۔ سول اعزازات کی تازہ فہرست میں انہیں سماجی بہبود کے شعبے میں ستارہ امتیاز دینے کی منظوری دی گئی ہے۔ نایاب علی طویل عرصے سے خواجہ سرا افراد کے حقوق اور ان کے لیے مساوی مواقع کے فروغ کے حوالے سے کام کرتی رہی ہیں۔ ان کی سرگرمیوں میں پالیسی اور قانون سازی سے متعلق معاملات کے ساتھ ساتھ انسانی حقوق کے عالمی پلیٹ فارمز پر پاکستان کی نمائندگی بھی شامل رہی ہے۔ نایاب علی کی خدمات کے اعتراف کو پاکستان میں خواجہ سرا کمیونٹی کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے، کیونکہ قومی سطح کے سول اعزاز میں ان کی شمولیت اس کمیونٹی کے حقوق اور سماجی کردار کو نمایاں کرتی ہے۔ صدر مملکت کی جانب سے جاری کردہ رواں سال کی سول اعزازات کی فہرست میں سائنس، تعلیم، طب، فنون، ادب، کھیل، صحافت، سماجی بہبود، پبلک سروس اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات شامل ہیں۔
سماجی بہبود کے شعبے میں نایاب علی کے علاوہ ڈاکٹر مریم ملک کے لیے بھی ستارہ امتیاز کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ مختلف دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو بھی ستارہ امتیاز، ہلالِ امتیاز، تمغہ امتیاز اور دیگر سول اعزازات دینے کی منظوری دی گئی ہے۔ رواں سال سول اعزازات کے لیے 355 شخصیات کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ اعزازات مختلف شعبوں میں نمایاں قومی و بین الاقوامی خدمات کے اعتراف میں دیے جائیں گے۔ نایاب علی کے لیے ستارہ امتیاز کی منظوری کو خواجہ سرا کمیونٹی کے حقوق کے لیے کام کرنے والے حلقوں کی جانب سے ایک اہم قومی اعتراف کے طور پر دیکھا جارہا ہے، جو پاکستان میں سماجی شمولیت اور مساوی حقوق کی جدوجہد کو مزید نمایاں کرے گا۔
Lahore 38°C
Karachi 30°C
Islamabad 34°C


