اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اجلاس میں بیرونِ ملک روزگار کے لیے جانے والے اعلیٰ تعلیم یافتہ پاکستانیوں کے شعبہ وار اعداد و شمار پیش کر دیے گئے، جن میں ڈاکٹرز، انجینئرز، مینیجرز، اساتذہ، نرسیں اور آئی ٹی پروفیشنلز شامل ہیں۔

دستاویز کے مطابق 2024 میں 45 ہزار 830 اعلیٰ تعلیم یافتہ پاکستانی بیرونِ ملک گئے، جبکہ 2025 میں یہ تعداد 28 ہزار 726 رہی۔ 2026 میں اب تک 15 ہزار 850 اعلیٰ تعلیم یافتہ پاکستانی بیرونِ ملک جا چکے ہیں۔

شعبہ وار تفصیلات کے مطابق 2024 میں 23 ہزار 674، 2025 میں 9 ہزار 562 اور 2026 میں اب تک 5 ہزار 190 مینیجرز بیرونِ ملک روزگار کے لیے گئے۔

انجینئرز کے حوالے سے دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ 2024 میں 8 ہزار 15، 2025 میں 5 ہزار 945 اور 2026 میں اب تک 3 ہزار 605 انجینئرز بیرونِ ملک گئے۔

ڈاکٹرز کی تعداد 2024 میں 3 ہزار 625 رہی، جو 2025 میں بڑھ کر 3 ہزار 795 ہو گئی، جبکہ 2026 میں اب تک 2 ہزار 93 ڈاکٹرز بیرونِ ملک گئے۔ اسی طرح 2024 میں ایک ہزار 729، 2025 میں ایک ہزار 725 اور 2026 میں اب تک ایک ہزار 457 اساتذہ بیرونِ ملک گئے۔

دستاویز کے مطابق بیرونِ ملک جانے والی نرسوں کی تعداد 2024 میں 2 ہزار 30، 2025 میں ایک ہزار 639 اور 2026 میں اب تک 626 رہی۔

اکاؤنٹنٹس کے شعبے میں 2024 کے دوران 4 ہزار 779، 2025 میں 4 ہزار 305 اور 2026 میں اب تک ایک ہزار 771 افراد بیرونِ ملک گئے۔ کمپیوٹر پروگرامرز کی تعداد بالترتیب ایک ہزار 351، ایک ہزار 147 اور 664 رہی، جبکہ سسٹم اینالسٹس کی تعداد 2024 میں 388، 2025 میں 362 اور 2026 میں اب تک 243 ریکارڈ کی گئی۔

فارماسسٹس کے حوالے سے دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ 2024 میں 155، 2025 میں 183 اور 2026 میں اب تک 156 فارماسسٹس بیرونِ ملک گئے۔ ڈینٹل سرجنز کی تعداد 2024 میں 84 اور 2025 میں 63 رہی۔

قومی اسمبلی میں پیش کی گئی دستاویز میں مختلف پیشہ ورانہ شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں کے بیرونِ ملک روزگار کے لیے جانے کی سال وار تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔