اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سپریم کورٹ کی جانب سے سابق وزیر اعظم عمران خان کو شفاء انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کے حکم کا خیرمقدم کرتے ہوئے عدالتی فیصلے پر فوری اور مکمل عملدرآمد کا مطالبہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی کے مطابق عمران خان کی صحت کے حوالے سے گزشتہ کئی ہفتوں سے شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا تھا۔ پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان کا آنکھ ، دل اور دیگر متعلقہ امراض کے ماہر ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل بورڈ کے ذریعے جامع طبی معائنہ کرایا جائے۔
تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ میڈیکل بورڈ میں عمران خان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان اور ان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان کی شمولیت اہم ہوگی۔ پارٹی نے بانی پی ٹی آئی کی طبی تاریخ اور موجودہ علامات کا غیر جانب دارانہ اور مکمل جائزہ لینے پر بھی زور دیا ہے۔
پی ٹی آئی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم سے عمران خان کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے مطالبے کو تقویت ملی ہے، لہٰذا متعلقہ حکام عدالتی احکامات پر من و عن عمل کرتے ہوئے فوری، مکمل اور بلا تاخیر اقدامات یقینی بنائیں۔
پارٹی نے مزید مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق عمران خان کی اہلخانہ سے ملاقات اور رسائی بھی یقینی بنائی جائے اور ان کے قانونی و انسانی حقوق کا مکمل پاس رکھا جائے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی نے کارکنان سے اپیل کی ہے کہ شفاء انٹرنیشنل اسپتال کے باہر کسی قسم کا مجمع یا اجتماع نہ لگایا جائے۔ کارکنان بانی پی ٹی آئی کی صحت اور علاج کے مفاد میں اسپتال کے باہر پُرامن ماحول برقرار رکھیں اور عدالتی احکامات پر مکمل عملدرآمد میں تعاون کریں۔
پی ٹی آئی کے مطابق سپریم کورٹ کا حکم بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بنیادی حقِ صحت اور انسانی وقار کے تحفظ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
Lahore 30°C
Karachi 28°C


