بشریٰ بی بی کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کی گئی ہے، جس میں اڈیالہ جیل حکام سے ان کی تازہ اور جامع میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کی بیماری کی تشخیص، اب تک ہونے والے علاج اور طبی معائنے کی مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں اور متعلقہ تمام میڈیکل دستاویزات بھی عدالت میں جمع کرائی جائیں۔

درخواست گزار نے فوری طور پر ماہر امراض چشم سے معائنہ کرانے اور جیل کے میڈیکل افسر کے ساتھ طبی مشاورت یقینی بنانے کی بھی استدعا کی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کی آنکھوں کی حالت تیزی سے خراب ہو رہی ہے، لہٰذا ان کی بینائی کو محفوظ رکھنے کے لیے فوری طبی اقدامات ضروری ہیں۔

بشریٰ بی بی نے عدالت سے ذاتی اخراجات پر ماہر ڈاکٹر سے علاج کرانے کی اجازت دینے اور مناسب طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی درخواست کی ہے۔

یہ درخواست بیرسٹر سلمان صفدر، سلمان اکرم راجہ اور دیگر وکلا کے ذریعے دائر کی گئی، جسے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ڈائری نمبر بھی الاٹ کردیا گیا ہے۔