’گھوسٹ اسکول‘ کی سندھ میں نمائش کا معاملہ، فلم سازوں کا سندھ ہائیکورٹ سے رجوع
کراچی : فلم ’گھوسٹ اسکول‘ کو سندھ میں نمائش کی اجازت نہ ملنے پر فلم سازوں نے سندھ بورڈ آف فلم سینسرز کے فیصلے کے خلاف سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
سندھ ہائیکورٹ نے درخواست کی سماعت کرتے ہوئے سندھ حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیئے اور 21 اگست تک جواب طلب کرلیا۔
درخواست گزار کے وکیل معیز بیگ ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ سینٹرل سینسر بورڈ اور پنجاب سینسر بورڈ پہلے ہی فلم کی نمائش کی اجازت دے چکے ہیں، تاہم سندھ بورڈ آف فلم سینسرز نے اسے سندھ میں نمائش کے لیے منظوری نہیں دی۔
وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سندھ موشن ایکٹ 2011 کے تحت کسی فلم کو سینسر سرٹیفکیٹ جاری کرنے سے انکار صرف مخصوص قانونی بنیادوں پر کیا جاسکتا ہے۔ مذہب، قومی سلامتی، بین الاقوامی تعلقات یا اخلاقیات کے منافی مواد فلم کی نمائش روکنے کی قانونی وجوہات میں شامل ہوسکتا ہے، تاہم ’گھوسٹ اسکول‘ کے معاملے میں سندھ سینسر بورڈ کا فیصلہ ان قانونی بنیادوں پر پورا نہیں اترتا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ فلم میں ’گھوسٹ اسکولز‘ کے مسئلے کو اجاگر کیا گیا ہے جبکہ فلم کو برطانیہ میں ہونے والے ایشین فلم فیسٹیول میں بہترین ہدایت کاری کا ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل کے مطابق فلم سازوں کو فیصلہ کرنے سے قبل نہ کوئی شوکاز نوٹس جاری کیا گیا اور نہ ہی انہیں اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا گیا۔
سندھ ہائیکورٹ نے فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے درخواست کی مزید سماعت 21 اگست تک ملتوی کردی۔
Lahore 35°C
Karachi 32°C


