بینکاک : وفاقی وزیر احد چیمہ نے اسلامی ترقیاتی بینک گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسر سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک گروپ کے درمیان 5.6 ارب ڈالر کے ترقیاتی تعاون کو آگے بڑھانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات ورلڈ بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے 2026 کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر ہوئی۔

وفاقی وزیر احد چیمہ نے ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسر کو دوسری مدت کے لیے دوبارہ چیئرمین منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔

احد چیمہ نے کہا کہ ملٹی کنٹری اسٹریٹجک پارٹنرشپ اسٹریٹجی (ایم سی پی ایس) 2026–2030 کے تحت ترقیاتی تعاون میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ 5.6 ارب ڈالر کی اشاریاتی مالی معاونت کو عملی منصوبوں میں تبدیل کیا جائے اور منصوبوں کی منظوری، رقوم کے اجرا اور عمل درآمد کے لیے واضح اوقاتِ کار مقرر کیے جائیں۔

وفاقی وزیر نے سکھر–حیدرآباد ایم-6 موٹروے کے لیے اسلامی ترقیاتی بینک کی 475 ملین ڈالر کی معاونت کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے پاکستان کے پولیو خاتمے کے پروگرام کے لیے بینک کی مسلسل معاونت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پولیو خاتمے کے پانچویں مرحلے کے لیے 100 ملین ڈالر کی معاونت کی منظوری خوش آئند ہے۔

احد چیمہ نے ایم ایل-1 ریلوے اپ گریڈیشن کے لیے اسلامی ترقیاتی بینک کی معاونت کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تجارت کے فروغ اور نجی سرمایہ کاری کے لیے اسلامی ترقیاتی بینک گروپ کا مربوط نقطۂ نظر ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ برآمدی مالی معاونت، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز)، بنیادی ڈھانچے، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور توانائی کی منتقلی کے شعبوں میں مواقع بڑھائے جا سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر کے مطابق مالی سال 2025–26 میں انٹرنیشنل اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن (آئی ٹی ایف سی) کے ذریعے ایک ارب ڈالر سے زائد کی تجارتی مالی معاونت متحرک کی گئی۔ انہوں نے پاکستان کے بہتر معاشی اشاریوں کے پیشِ نظر آئندہ مالی سہولیات کے لیے مسابقتی شرائط فراہم کرنے پر زور دیا۔

ملاقات کے دوران ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسر نے پاکستان کے اقتصادی ترقی کے وژن کو سراہا اور کہا کہ اسلامی ترقیاتی بینک گروپ پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات کے حصول میں کردار ادا کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔