اسلام آباد: پاکستان میں رواں مالی سال 2026-27 کے تیسرے ماہ کے آغاز میں مہنگائی کی رفتار میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے حساس قیمتوں کے اشاریے (SPI) کے تحت مہنگائی میں 0.65 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 8.32 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 17 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ 7 اشیا سستی ہوئیں اور 27 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

حالیہ ہفتے پیاز کی قیمت میں سب سے نمایاں 26.30 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ چکن 0.85 فیصد، آلو 0.96 فیصد، لہسن 0.18 فیصد، سرسوں کا تیل 0.13 فیصد اور دال ماش 0.67 فیصد مہنگی ہوئی۔

اعداد و شمار کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 0.90 فیصد، ہائی اسپیڈ ڈیزل میں 0.09 فیصد جبکہ آٹے کی قیمت میں 0.88 فیصد اضافہ ہوا۔

دوسری جانب بعض اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔ ایک ہفتے کے دوران کیلے کی قیمت میں 2.54 فیصد، دال مونگ میں 0.69 فیصد، دال چنا میں 0.60 فیصد، چینی میں 0.18 فیصد، انڈوں میں 0.11 فیصد اور گڑ کی قیمت میں 0.05 فیصد کمی ہوئی۔

حالیہ اعداد و شمار کے مطابق خوراک اور دیگر بنیادی اشیا کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث مہنگائی کا دباؤ برقرار ہے، جبکہ ہفتہ وار بنیادوں پر قیمتوں میں اضافہ مجموعی مہنگائی کی رفتار میں اضافے کی نشاندہی کرتا ہے۔