بنکاک: 16 اکتوبر: پاکستان کو عالمی مالیاتی اور ترقیاتی امور میں اہم ذمہ داری مل گئی، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ کو 2027 کے لیے ورلڈ بینک گروپ اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے بورڈز آف گورنرز کا آئندہ چیئرمین نامزد کر دیا گیا ہے۔
وزارت اقتصادی امور کے مطابق، اس اہم پیش رفت کا اعلان بنکاک میں ورلڈ بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کے پلینری سیشن کے دوران کیا گیا۔ پاکستان 1953 کے بعد پہلی مرتبہ ان دونوں عالمی مالیاتی اداروں کے بورڈز آف گورنرز کی سربراہی کرے گا۔
وزارت اقتصادی امور کے مطابق، یہ ذمہ داری پاکستان کے لیے عالمی اقتصادی پالیسیوں اور ترقیاتی ترجیحات کے حوالے سے اپنا کردار مؤثر بنانے کا اہم موقع ہے۔
ورلڈ بینک حکام سے اہم ملاقاتیں
وفاقی وزیر احد چیمہ کو ورلڈ بینک گروپ کے کارپوریٹ سیکریٹریٹ کی جانب سے آئندہ چیئرمین شپ کی ذمہ داریوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر احد چیمہ نے ورلڈ بینک گروپ کی نائب صدر اور کارپوریٹ سیکریٹری ارادھانا کمار کپور سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کی مدتِ سربراہی کے دوران ادارہ جاتی معاونت، باہمی رابطہ کاری اور چیئرمین شپ سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے سبکدوش ہونے والے چیئرمین کارلوس کاروالو اسپالڈنگ سے بھی ملاقات کی اور انہیں کامیابی سے مدتِ عہدہ مکمل کرنے پر مبارک باد دی۔ دونوں رہنماؤں نے چیئرمین شپ کی ذمہ داریوں اور آئندہ سال کی ترجیحات پر گفتگو کی۔
ترقی پذیر ممالک کی آواز مؤثر بنانے کا عزم
وفاقی وزیر احد چیمہ نے کہا کہ پاکستان ترقی پذیر ممالک کی آواز کو عالمی سطح پر مؤثر بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔
ان کے مطابق، ترقیاتی مالی وسائل کی مؤثر اور قابلِ پیش گوئی فراہمی پاکستان کی اہم ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ ملک کثیرالجہتی ترقیاتی اداروں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے کے لیے بھی پرعزم ہے۔
احد چیمہ نے کہا کہ پاکستان پائیدار اور جامع ترقی کے فروغ کے لیے نجی سرمایہ کاری کو متحرک کرنے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ایک مؤثر کثیرالجہتی ترقیاتی اور مالیاتی نظام کے قیام کے لیے ورلڈ بینک گروپ، آئی ایم ایف اور دیگر رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
Lahore 30°C
Islamabad 28°C


