پشاور: وزیراعلی کے پی سہیل آفریدی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ ان کے مطالبات تسلیم کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن نہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایمرجنسی یا گورنر راج کا باضابطہ اعلان کیے بغیر ایسے اقدامات کرنا بغاوت کے زمرے میں آتا ہے۔

سہیل آفریدی نے اپنے بیان میں کہا کہ متعلقہ حکام جگر گردہ پیدا کریں اور ایمرجنسی یا گورنر راج کا اعلان کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے آئینی اور قانونی مطالبات سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے اور قانون کے مطابق ان کا لانگ مارچ مطالبات پورے ہونے تک جاری رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہاں صرف عمران خان کی پالیسی چلے گی۔ سہیل آفریدی کے مطابق اگر ایمرجنسی یا گورنر راج کا اعلان کیا گیا تو لوگ ترکی کی مثال دینا بھول جائیں گے۔

سہیل آفریدی کے اس بیان میں حکومتی اقدامات کے حوالے سے سخت مؤقف اختیار کیا گیا ہے، جبکہ انہوں نے اپنے مطالبات کی منظوری تک لانگ مارچ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا ہے۔