**راولپنڈی:** راولپنڈی میں گزشتہ شب ہونے والی موسلا دھار بارش ایک افسوسناک سانحے کا سبب بن گئی، جہاں شہر کے مرکزی علاقے کمیٹی چوک کے قریب لنڈا بازار میں ایک چھ سالہ بچی مبینہ طور پر بارش کے پانی سے بھرے نالے میں گر کر لاپتہ ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب تقریباً تین بجے شروع ہونے والی شدید بارش کے باعث ایک جانب نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہو گئی، جبکہ دوسری جانب شہری علاقوں میں نکاسیٔ آب کے لیے قائم نالے بھی پانی سے لبریز ہو کر ابل پڑے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ واسا کی مبینہ ناقص کارکردگی کے باعث بارش کا پانی بروقت نہ نکل سکا، جس کے نتیجے میں متعدد علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔
اسی دوران کمیٹی چوک کے قریب لنڈا بازار کے رہائشی علاقے میں ایک چھ سالہ بچی اچانک لاپتہ ہوگئی۔ اہل خانہ کو شبہ ہے کہ بچی قریب واقع برساتی نالے میں گر کر بہہ گئی۔
واقعے کی اطلاع فوری طور پر مقامی پولیس اور ریسکیو 1122 کو دی گئی، جس کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق بچی کی تلاش کے لیے دو خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو مختلف مقامات پر سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔ نالے کے مختلف حصوں کی تلاشی لی جا رہی ہے، تاہم آخری اطلاعات تک بچی کا سراغ نہیں مل سکا۔
بچی کے والدین اور دیگر اہل خانہ شدید صدمے اور تشویش میں مبتلا ہیں۔ بچی کے ماموں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی بہن، بہنوئی اور بچے ان کے گھر آئے ہوئے تھے۔ صبح واپسی کے وقت بچوں کے والد انہیں گاڑی میں بٹھا رہے تھے، لیکن اچانک معلوم ہوا کہ سب سے چھوٹی بچی موجود نہیں ہے، حالانکہ وہ کچھ دیر پہلے قریب ہی کھڑی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ اہل خانہ نے فوری طور پر بچی کی تلاش شروع کی، مگر کامیابی نہ ملنے پر خدشہ ظاہر کیا گیا کہ وہ قریب واقع نالے میں گر کر بہہ گئی ہے، جس پر ریسکیو اداروں کو فوری اطلاع دی گئی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن جاری ہے اور بچی کی تلاش کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
Lahore 32°C
Islamabad 31°C