اسلام آباد: انسدادِ دہشت گردی عدالت نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے خلاف بیریئر ہٹانے کے کیس کی سماعت جج طاہر عباس سپرا کے چھٹی پر ہونے کے باعث کل تک ملتوی کر دی۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی، جس کے دوران ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کیا گیا۔
دورانِ سماعت ویڈیو لنک میں تکنیکی خرابی کے باعث ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ عدالت سے مؤثر طور پر بات نہ کر سکے۔ اس موقع پر دونوں نے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں آواز سنائی نہیں دے رہی، جبکہ دیگر قیدیوں کو آج عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔
وکلاء نے عدالت سے استدعا کی کہ کیس کی آئندہ سماعت کے لیے اگلے ہفتے کی تاریخ مقرر کی جائے، تاہم جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے یہ استدعا مسترد کر دی۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ کل متعلقہ عدالت میں جج طاہر عباس سپرا کیس کی سماعت کریں گے۔
Lahore 16°C