پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف پر زور دیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہِ راست عوام تک پہنچایا جائے۔
رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے جاتی امرا میں نواز شریف سے ملاقات کی، جو تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی۔ ملاقات کے دوران شہباز شریف نے انہیں ملک کی مجموعی سیاسی اور معاشی صورتحال سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو ملنا چاہیے۔ مہنگائی پر قابو پانا ہی عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کا ذریعہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسی پالیسیاں تشکیل دی جائیں جن کے نتیجے میں روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں کمی آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ ایسی پالیسیاں بنائی جائیں جن کا براہِ راست فائدہ عوام تک پہنچے۔
ملاقات کے بعد وزیراعظم شہباز شریف جاتی امرا سے روانہ ہوگئے۔