اسلام آباد: وزیراعظم یوتھ پروگرام اور فزیشنز ریونیو گروپ پاکستان کے درمیان امریکا میں صحت سے متعلق خدمات کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور پاکستانی نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت (لیٹر آف انٹینٹ) پر دستخط ہوگئے۔
وزیراعظم آفس کے یوتھ افیئرز ونگ کے مطابق معاہدے پر دستخط 22 اکتوبر کو وزیراعظم آفس اسلام آباد میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کیے گئے۔ اس شراکت داری کے تحت امریکا میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کا ایک سیکریٹریٹ قائم کرنے کی تجویز ہے، جو دونوں ممالک کے صحت کے شعبوں کے درمیان رابطوں کو فروغ دے گا۔
دستخط کی تقریب میں چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے بطور مہمانِ گواہ شرکت کی، جبکہ ڈائریکٹر جنرل وزیراعظم یوتھ پروگرام ڈاکٹر شہباز شمسی اور فزیشنز ریونیو گروپ پاکستان کے چیئرمین و چیف ایگزیکٹو آفیسر منصور احمد سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔
نوجوانوں کے لیے روزگار اور تربیت کے مواقع
مجوزہ سیکریٹریٹ پاکستانی اداروں اور امریکی صحت کے شعبے سے وابستہ تنظیموں، جامعات، پیشہ ورانہ اداروں اور پاکستانی نژاد امریکی طبی ماہرین کے درمیان رابطے کا ذریعہ بنے گا۔ اس اقدام کے ذریعے علم و تجربے کے تبادلے اور ادارہ جاتی شراکت داری کو فروغ دینے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
منصوبے کے تحت پاکستانی نوجوانوں کے لیے میڈیکل و ڈینٹل بلنگ، ریونیو سائیکل مینجمنٹ، مریضوں کی نگہداشت سے متعلق رابطہ کاری، صحت کے شعبے کے انتظامی امور اور ہیلتھ ٹیکنالوجی میں پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع پیدا کرنے پر توجہ دی جائے گی۔
اس کے علاوہ صحت سے متعلق معاون خدمات فراہم کرنے والے دیگر اداروں کو بھی اس منصوبے میں شامل ہونے اور باہمی تعاون کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
صحت سے متعلق خدمات کی برآمدات بڑھانے کا منصوبہ
وزیراعظم آفس کے مطابق اس شراکت داری کا ایک اہم مقصد پاکستان کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو امریکی صحت کے شعبے کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا ہے، تاکہ بین الاقوامی سطح پر روزگار کے مواقع بڑھانے کے ساتھ پاکستان سے صحت سے متعلق خدمات کی برآمدات کو بھی وسعت دی جاسکے۔
تعاون کے مجوزہ شعبوں میں میڈیکل بلنگ اور صحت سے متعلق خدمات کے لیے صنعتی معیارات اور ضابطہ جاتی نظام کی تیاری میں معاونت بھی شامل ہے۔ اس ضمن میں امریکا میں ڈیٹا کے تحفظ، معلومات کی رازداری اور متعلقہ قانونی تقاضوں کی پابندی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
ان اقدامات کا مقصد امریکی اداروں کا اعتماد حاصل کرنے اور پاکستان کو صحت سے متعلق معاون خدمات فراہم کرنے والے ایک مسابقتی ملک کے طور پر آگے بڑھانے میں مدد دینا ہے۔
مشترکہ ورکنگ گروپ بھی تشکیل دیا جائے گا
مجوزہ نظام کے تحت دونوں ادارے ایک فوکل پرسن اور سیکریٹریٹ کوآرڈینیٹر مقرر کریں گے، جبکہ سیکریٹریٹ کی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی، نگرانی اور جائزے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ بھی تشکیل دیا جائے گا۔
یہ گروپ پاکستان اور امریکا کے متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری کو مؤثر بنانے اور تعاون کے طے شدہ اہداف پر پیش رفت کا جائزہ لینے میں کردار ادا کرے گا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق یہ شراکت داری نوجوانوں کی پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافے، بین الاقوامی روابط کے فروغ اور صحت سے متعلق خدمات کی صنعت کو مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے، جس سے مستقبل میں پاکستان کے لیے روزگار اور برآمدات کے نئے امکانات پیدا ہوسکتے ہیں۔
Lahore 16°C