چارسدہ: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ اگر وزیراعظم شہباز شریف پیٹرولیم لیوی ختم نہیں کرسکتے تو ان سے ملاقات کی بھی کوئی ضرورت نہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ حکومتی وزراء کی جانب سے اسی طرح کی بیان بازی جاری رہی تو ملاقات اسلام آباد کی سڑکوں اور ڈی چوک پر ہوگی۔
چارسدہ میں پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ جو کام عزت اور مذاکرات کے ذریعے ہوسکتا ہے، اسے اسی طریقے سے حل کرے، بصورت دیگر حکومت کو جھکنا پڑے گا۔
انہوں نے مریم نواز کی جانب سے 11 ارب روپے کا جہاز خریدنے کے معاملے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کیا یہ جہاز خریدنے سے پہلے آئی ایم ایف سے اجازت لی گئی تھی؟
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ان شاء اللہ! اب رکیں گے نہیں، آگے بڑھیں گے۔‘‘
امیر جماعت اسلامی نے سیاسی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’’کیا مسٹر، کیا مولانا، سب کے خرچے مافیا چلاتے ہیں۔‘‘