اسلام آباد: پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کی توثیق کردی۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی جانب سے پیش کی گئی قراردادیں اپوزیشن کی مخالفت کے باوجود کثرتِ رائے سے منظور کرلی گئیں۔
خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ سے متعلق آئینی مراحل مکمل ہوگئے۔ قومی اسمبلی اور سینیٹ سے الگ الگ منظوری کے بعد پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بھی صدارتی اقدام کی توثیق کردی گئی۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیرصدارت ہونے والے مشترکہ اجلاس میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے آئین کے آرٹیکل 232 کے تحت ایمرجنسی اور آرٹیکل 234 کے تحت گورنر راج کی توثیق کے لیے قراردادیں پیش کیں۔
قراردادوں پر پانچ گھنٹے سے زائد بحث ہوئی، جس کے دوران اپوزیشن نے ان کی مخالفت کی۔ بعد ازاں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے دونوں قراردادیں الگ الگ منظوری کے لیے پیش کیں، جنہیں کثرتِ رائے سے منظور کرلیا گیا۔
قراردادوں کی منظوری کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا۔