پاکستان میں معدنی وسائل کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے دو روزہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کل سے شروع ہوگا، جس میں عالمی سرمایہ کاروں، کان کنی کے ماہرین اور معروف بین الاقوامی کمپنیوں کے اعلیٰ حکام کی شرکت متوقع ہے۔
فورم میں کینیڈا کا ایک بڑا وفد بھی شریک ہوگا، جبکہ معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے نئے امکانات، پالیسی اصلاحات اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے دوران بین الاقوامی نمائش بھی منعقد ہوگی، جس میں معدنی شعبے سے وابستہ مختلف منصوبوں اور سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مقامی افرادی قوت کی تربیت اور متعلقہ اداروں کی استعداد کار میں اضافے کے حوالے سے خصوصی سیشن بھی ہوگا۔
فورم کے مختلف سیشنز میں ارضیاتی سروے کے شعبے میں عالمی تعاون، ڈیٹا شیئرنگ اور تکنیکی شراکت داری کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس سلسلے میں معدنی ذخائر کی تلاش سے لے کر منصوبوں کی عملی ترقی تک مالی معاونت کے نئے طریقوں پر بھی مشاورت ہوگی۔
'بیکنگ دی ڈرل بٹ' کے عنوان سے ہونے والے سیشن میں مالیاتی اداروں، قرض دہندگان اور شعبے کے ماہرین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جائے گا، جہاں معدنی منصوبوں کی فنانسنگ اور ممکنہ مالیاتی خطرات سے نمٹنے کے طریقوں پر روشنی ڈالی جائے گی۔
فورم میں لیتھیم سمیت اہم معدنیات کی بڑھتی ہوئی عالمی طلب اور پاکستان میں ان کی بنیاد پر سرمایہ کاری کے امکانات بھی زیر بحث آئیں گے۔ توانائی، جدید ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں معدنی وسائل کی بڑھتی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کے معدنی ذخائر کو عالمی منڈیوں سے منسلک کرنے کی حکمت عملی پر بھی غور کیا جائے گا۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کو ملک کے معدنی وسائل میں بین الاقوامی شراکت داری، طویل المدتی سرمایہ کاری اور نئے منصوبوں کی راہ ہموار کرنے کی ایک اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کل سے شروع ہوگا، عالمی سرمایہ کاروں کی شرکت متوقع
Lahore 17°C
Islamabad 12°C