اسلام آباد: پاک سعودی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران پاکستان کی مذہبی قیادت نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں اور عمرہ زائرین کو نشانہ بنانے کی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
پریس کانفرنس میں رہنماؤں نے کہا کہ حرمین شریفین پوری امت مسلمہ کے لیے انتہائی مقدس مقامات ہیں اور ان کی سلامتی ہر مسلمان کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ عمرہ زائرین کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے اور ایسے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے۔
پریس کانفرنس کی میزبانی سرپرست پاک سعودی یکجہتی کونسل سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، مولانا عبدالغفور حیدری، صاحبزادہ شاہ اویس نورانی، مولانا محمد احمد لدھیانوی، ڈاکٹر علی محمد ابو تراب، مولانا فضل الرحمان خلیل، مولانا عتیق الرحمان شاہ اور پروفیسر سجاد قمر سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔
سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے اور ان حملوں کو کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے حکومت پاکستان کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم اور امت مسلمہ سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ احرام کی حالت میں عمرہ زائرین کو شہید کرنا کسی طور قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑی ہے اور اس کے دفاع کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گی۔ ان کے مطابق حرمین شریفین کے تحفظ کے معاملے پر حکومت اور پاکستانی عوام متحد ہیں۔
مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ سعودی عرب کے معاملے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا ایک مؤقف پر ہونا خوش آئند ہے۔ سعودی عرب مسلمانوں کی عقیدتوں کا مرکز ہے، اس لیے مسلم ممالک کو اس کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہونا چاہیے۔
صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ایمان کا رشتہ قائم ہے۔ بیت اللہ اور روضہ رسول ﷺ کی حرمت اور سلامتی پوری امت مسلمہ کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
علامہ محمد احمد لدھیانوی نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر پاکستانی قوم حرمین شریفین کے دفاع کے لیے تیار ہوگی۔ انہوں نے 22 اکتوبر کو اسلام آباد کے علاقے آبپارہ میں حوثیوں کے حملوں کی مذمت اور سعودی عرب سے اظہار یکجہتی کے لیے اجتماع منعقد کرنے کا اعلان بھی کیا۔
مولانا فضل الرحمان خلیل نے مقدس مقامات پر حملوں کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے حرمین شریفین کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے دفاعی معاہدے پر مکمل عمل درآمد پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات تاریخی، مذہبی اور ریاستی بنیادوں پر استوار ہیں۔
پروفیسر سجاد قمر نے کہا کہ پاک سعودی یکجہتی کونسل پاکستان کے علمائے کرام اور عوام کی ترجمانی کرتی ہے۔ انہوں نے عمرہ زائرین پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
پریس کانفرنس کے اختتام پر رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی عوام سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے اپنی حمایت جاری رکھیں گے۔
پاک سعودی یکجہتی کونسل کا سعودی عرب سے اظہار یکجہتی، حوثیوں کے حملوں کی مذمت
Lahore 16°C