اسلام آباد : 23 اکتوبر: وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ وزارت بحری امور کے تین اداروں نے مالی سال 2024-25 کے دوران پاکستان کے 10 سب سے زیادہ منافع کمانے والے سرکاری اداروں میں جگہ حاصل کی ہے۔
وزارت خزانہ کے سینٹرل مانیٹرنگ یونٹ کی سالانہ مجموعی رپورٹ کے مطابق کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) نے چھٹی، پورٹ قاسم اتھارٹی (پی کیو اے) نے ساتویں جبکہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) نے دسویں پوزیشن حاصل کی۔
وفاقی وزیر نے ان نتائج کو پاکستان کے بحری شعبے کے لیے اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تینوں اداروں کی انتظامیہ اور ملازمین کی محنت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور وزارت کی رہنمائی کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہتر مالیاتی انتظام، آپریشنل استعداد میں اضافے اور وسائل کے مؤثر استعمال سے بحری ادارے قومی معیشت میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
جنید انوار چوہدری کے مطابق ان اداروں کی کامیابیاں سرکاری اداروں کو مضبوط بنانے اور ملکی اقتصادی ترقی میں ان کا کردار بڑھانے کے حکومتی وژن سے مطابقت رکھتی ہیں۔
وفاقی وزیر نے مالی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے اچھی طرز حکمرانی، ادارہ جاتی جواب دہی اور انتظامی اصلاحات جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ کے پی ٹی، پورٹ قاسم اتھارٹی اور پی این ایس سی کی نمایاں درجہ بندی پاکستان کی بندرگاہوں اور قومی بحری جہاز رانی کی معاشی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔ یہ ادارے ملکی و بین الاقوامی تجارت، سامان کی ترسیل اور ہینڈلنگ سمیت بحری رابطوں کو مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے امید ظاہر کی کہ مؤثر انتظامی حکمت عملی اور مسلسل کوششوں کے ذریعے بحری اداروں کی مالی حیثیت مزید مستحکم ہوگی اور پاکستان کے بحری شعبے کو ترقی ملے گی۔