اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان کا پہلا تھیم پارک بنانے کے منصوبے پر پیش رفت ہوئی ہے، جس کے تحت سعودی سرمایہ کار اس منصوبے میں سرمایہ کاری کریں گے جبکہ کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) تھیم پارک کے لیے اراضی فراہم کرے گی۔
اس سلسلے میں پاکستان کے پہلے تھیم پارک منصوبے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
مفاہمتی یادداشت پر سعودی پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد السعود اور چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے دستخط کیے۔ محسن نقوی نے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے شہزادہ منصور بن محمد السعود کو مبارکباد دی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ تھیم پارک منصوبے کے سلسلے میں سعودی عرب سے آنے والے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ اسلام آباد کے انفراسٹرکچر کو جدید ترین شہروں کے معیار کے مطابق ترقی دی جا رہی ہے اور سعودی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ تھیم پارک منصوبہ ایک گیم چینجر ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ چند ماہ میں سعودی عرب میں رئیل اسٹیٹ کے حوالے سے روڈ شو منعقد کرنے کا بھی منصوبہ ہے۔
اس موقع پر شہزادہ منصور بن محمد السعود نے کہا کہ پاکستان، بالخصوص اسلام آباد میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔
تقریب میں سی ڈی اے کے ارکان اور سعودی وفد کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔
اسلام آباد میں پاکستان کا پہلا تھیم پارک بنانے کا منصوبہ، سعودی سرمایہ کار سرمایہ کاری کریں گے
Lahore 17°C