لاہور: پنجاب حکومت نے سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر صوبے بھر میں آؤٹ ڈور ڈرون کے استعمال پر 30 روز کے لیے پابندی عائد کردی ۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے دفعہ 144 کے تحت جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کھلے مقامات پر ڈرون اڑانے کی اجازت نہیں ہوگی، تاہم ہالز اور مارکیز کے اندر ہونے والی تقریبات کی کوریج کے لیے چھوٹے ڈرونز کے محدود استعمال کی اجازت دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ان ڈرونز کے محفوظ استعمال کی ذمہ داری تقریب کے منتظمین پر ہوگی۔
انٹیلیجنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ زرعی، آبپاشی اور تحقیقی سرگرمیوں کے لیے ڈرون استعمال کرنے والے افراد یا اداروں کو ضلعی سطح پر قائم سیف ڈرون یوزیج کمیٹی سے تحریری اجازت لینا ہوگی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق کمیٹی کی تحریری اجازت حاصل ہونے کی صورت میں متعلقہ مقاصد کے لیے ڈرون کے استعمال کو پابندی سے مستثنیٰ تصور کیا جائے گا۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ڈرون کے استعمال پر پابندی ضابطہ فوجداری 1898 کے سیکشن 144(6) کے تحت عائد کی ہے، جبکہ پنجاب بھر کی انتظامیہ اور پولیس کو احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دفعہ 144 کے تحت پنجاب میں ڈرون اڑانے پر پابندی
Lahore 25°C