دوحہ: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گلوبل سکیورٹی فورم کے موقع پر اسپین اور لبنان کے وزرائے داخلہ جبکہ شام کے وزیر برائے ایمرجنسی و ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے اہم ملاقاتیں کیں۔ وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چودھری سالک حسین بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسپین کے وزیر داخلہ نے غیرقانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے یورپ کی جانب غیرقانونی امیگریشن میں 64 فیصد کمی پر پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور لبنان کے وزیر داخلہ و بلدیات احمد الحجار کے درمیان ملاقات میں سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان روابط مزید فعال بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
محسن نقوی نے شام کے وزیر برائے ایمرجنسی و ڈیزاسٹر مینجمنٹ رائد الصالح سے بھی ملاقات کی، جس میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور پر رابطوں کو فروغ دینے اور مختلف شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
Lahore 16°C