سلام آباد:جماعت اسلامی پاکستان آج پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی، اضافی ٹیکسوں اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج کر رہی ہے۔ جماعت اسلامی کے اعلامیے کے مطابق ملک بھر کے **170 اضلاع میں 510 مقامات** پر احتجاجی دھرنے دیے جائیں گے اور اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی آمدورفت جزوی یا مکمل طور پر معطل کی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق مختلف بڑے شہروں میں اہم مقامات پر دھرنوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ **لاہور** میں قرطبہ چوک اور مزنگ چونگی، **کراچی** میں شاہراہ فیصل، **اسلام آباد** میں 26 نمبر چونگی، **پشاور** میں موٹروے ٹول پلازہ، **ملتان** میں چونگی نمبر 6، **کوئٹہ** میں میاں غنڈی روڈ، **راولپنڈی** میں لیاقت باغ کے باہر، **سوات** میں چکدرہ جبکہ **کرک** میں انڈس ہائی وے پر احتجاج اور دھرنے دیے جائیں گے۔
جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں جاری احتجاج کا مقصد عوام پر بڑھتے ہوئے معاشی بوجھ، پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی، اضافی ٹیکسوں اور مسلسل بڑھتی مہنگائی کے خلاف آواز بلند کرنا ہے۔ جماعت کے مطابق یہ دھرنے **نمازِ جمعہ کے بعد شروع ہوں گے اور رات آٹھ بجے تک جاری رہیں گے۔**
امیر جماعت اسلامی **حافظ نعیم الرحمٰن** لاہور میں مرکزی دھرنے سے خطاب کریں گے، جبکہ ان کا ویڈیو خطاب ملک بھر میں جاری دیگر احتجاجی مقامات پر ویڈیو لنک کے ذریعے براہِ راست نشر کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق رات **آٹھ بجے** امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن ملک گیر احتجاج کے آئندہ مرحلے اور مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان بھی کریں گے۔
جماعت اسلامی نے کارکنوں اور شہریوں سے احتجاج کو پُرامن رکھنے کی اپیل کی ہے، جبکہ عوام کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ممکنہ ٹریفک رکاوٹوں کے پیشِ نظر سفر کی منصوبہ بندی پہلے سے کر لیں۔
Lahore 32°C
Islamabad 31°C