اسلام آباد: وزارتِ منصوبہ بندی کی جانب سے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے 150ویں یومِ ولادت کی تقریبات کے لیے سرکاری لوگو کی رونمائی کردی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے قائداعظمؒ کے افکار اور اصولوں پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
احسن اقبال نے کہا کہ 2035 تک پاکستان کی معیشت کو ایک ٹریلین ڈالر تک پہنچانے کا ہدف حاصل کرنا ممکن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سال محض عقیدت کا نہیں بلکہ تجدیدِ عہد کا سال ہونا چاہیے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ قومی ترقی قومی اتحاد، خود اعتمادی اور اجتماعی جدوجہد سے ہی ممکن ہے۔ محدود وسائل کے ساتھ سات سال میں پاکستان قائم ہوسکتا ہے تو آج ملک ترقی کیوں نہیں کرسکتا؟
احسن اقبال نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ان کے اصولوں، ایمان، اتحاد اور تنظیم پر عمل کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دفاتر میں قائداعظمؒ کی تصاویر آویزاں کردی گئی ہیں، اب ان کی تعلیمات کو اپنانے کی ضرورت ہے۔ پاکستانی قوم کو رنگ، نسل، زبان اور علاقائی تقسیم سے بالاتر ہوکر متحد ہونا ہوگا۔
احسن اقبال نے کہا کہ قومی مفادات کو ذاتی مفادات پر ترجیح دے کر ہی قائداعظمؒ کے خواب کی تکمیل ممکن ہے۔ پاکستان کو ایک خوددار، خودمختار اور خوشحال ملک بنانا ہے۔