وزارتِ صحت کے تحت مارگلہ اسپتال کے افتتاح کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں جوائنٹ سیکرٹری صحت اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کے مطابق مارگلہ اسپتال کو فلانتھراپک پارٹنرشپ کے تحت انڈس اسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے سپرد کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ شراکت داری عوامی خدمت، شفافیت اور قومی وسائل کے مؤثر استعمال کی ایک بہترین مثال ثابت ہوگی۔
مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ اسلام آباد کا 167 بستروں پر مشتمل مارگلہ اسپتال جدید طبی سہولیات سے آراستہ ہوگا، جہاں جدید تشخیصی، طبی اور آپریشن کی جدید ترین سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ مارگلہ اسپتال کئی سال سے غیر فعال تھا، تاہم اب اسے فعال بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان رواں ہفتے مارگلہ اسپتال کا افتتاح کریں گے۔
وفاقی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔ مارگلہ اسپتال کے فعال ہونے سے اسلام آباد کے بڑے اسپتالوں پر مریضوں کا دباؤ کم ہوگا، جبکہ اسلام آباد اور گردونواح کی بڑی آبادی کو معیاری طبی سہولیات مفت میسر آئیں گی۔