لاہور: علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے کارروائی کرتے ہوئے ترکی کے جعلی ورک ویزوں پر بیرون ملک جانے والے چار مسافروں کو روک دیا۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق چاروں مسافر پرواز 9P-502 کے ذریعے ترکی جانے کے لیے ایئرپورٹ پہنچے تھے۔ ان کی شناخت نقی نذر (ساہیوال)، زین العابدین (لاہور)، محمد الیاس خاور (مظفرگڑھ) اور محمد سلیمان (فیصل آباد) کے ناموں سے ہوئی ہے۔
امیگریشن حکام کی جانب سے دستاویزات کی جانچ پڑتال کے دوران چاروں مسافروں کے ترکی کے ورک ویزے جعلی ثابت ہوئے۔ حیران کن طور پر ان کے پاسپورٹس پر پروٹیکٹر اسٹیکرز بھی لگے ہوئے تھے۔
ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا کہ مسافروں نے مبینہ طور پر مختلف ٹریول ایجنٹوں کو جعلی ویزوں کے حصول کے لیے مجموعی طور پر 57 لاکھ روپے ادا کیے تھے۔
ایف آئی اے امیگریشن نے چاروں مسافروں کو پرواز سے آف لوڈ کرنے کے بعد مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور کے حوالے کر دیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ جعلی ویزوں کے ذریعے بیرون ملک بھیجنے اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
Lahore 17°C
Islamabad 12°C