اسلام آباد: ملک میں حالیہ بارشوں کے باعث دریاؤں اور ڈیموں میں پانی کی صورتحال میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ تربیلا ڈیم اپنی آخری حد تک بھر گیا ہے جبکہ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 68 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

دریائے سندھ میں تربیلا، چشمہ، کالاباغ اور تونسہ کے مقامات پر نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے، جبکہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران دریائے راوی اور چناب میں بھی نچلے درجے کے سیلاب کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 17 سے 19 اگست کے دوران دریائے چناب اور راوی سے ملحقہ ندی نالوں میں درمیانے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے، جس کے باعث متعلقہ اداروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور شیخوپورہ میں بھی بارش کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا کے اضلاع پشاور، مردان، سوات اور ایبٹ آباد میں موسلا دھار بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ دریائے سندھ کے بالائی علاقوں، ڈیرہ غازی خان، میانوالی اور بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں بھی بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، اسلام آباد اور کشمیر میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ دریائے جہلم، چناب، راوی اور ستلج کے بالائی علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔