دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل ایلون مسک نے ٹیکنالوجی اور سیاست کے بعد فلمی صنعت میں بھی سرمایہ کاری کا آغاز کر دیا ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک نے تفریحی کمپنی اسکائی ڈانس میں تقریباً ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے، جس کے بعد ہالی ووڈ میں ان کے ممکنہ بڑھتے ہوئے اثرورسوخ پر بحث شروع ہو گئی ہے۔
دوسری جانب ایلون مسک کی مصنوعی ذہانت پر مبنی ویڈیو ٹیکنالوجی ’گروک امیجن‘ کے ذریعے یونانی داستان ’دی اوڈیسی‘ پر سات منٹ کی ایک مختصر فلم بھی تیار کی گئی ہے۔ تاہم اس فلم کے معیار کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
ماہرین کے مطابق ہالی ووڈ میں ایلون مسک کی دلچسپی کے ممکنہ مقاصد میں مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا، کاروباری منافع حاصل کرنا اور تفریحی صنعت میں اپنا ثقافتی اثرورسوخ بڑھانا شامل ہو سکتے ہیں۔