اسلام آباد : فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اپنی تمام فیلڈ فارمیشنز کو سرکاری گاڑیوں کے لیے ایندھن کی فراہمی میں 50 فیصد کمی کے حکومتی فیصلے پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کردی۔
حکام کے مطابق ایندھن کی فراہمی میں کمی کا فیصلہ تین ماہ کے لیے ہوگا اور اس کا اطلاق فوری طور پر کیا جائے گا۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری مراسلے میں متعلقہ فیلڈ فارمیشنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ سرکاری گاڑیوں کے فیول استعمال میں حکومتی فیصلے کے مطابق 50 فیصد کمی یقینی بنائی جائے۔
تاہم آپریشنل گاڑیوں کو اس فیصلے سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ ضروری خدمات انجام دینے والی گاڑیوں اور ایف بی آر کی آپریشنل گاڑیوں کے لیے ایندھن کی فراہمی میں کمی نہیں کی جائے گی۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ مستثنیٰ اداروں کی انتظامی اور غیر آپریشنل گاڑیوں پر 50 فیصد ایندھن کمی کا فیصلہ لاگو ہوگا۔ یعنی رعایت صرف ان گاڑیوں تک محدود رہے گی جو ضروری خدمات یا آپریشنل امور کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔
ایف بی آر نے متعلقہ حکام کو آپریشنل گاڑیوں کے لیے درکار فیول بجٹ سے بھی آگاہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ فیلڈ فارمیشنز کو حکومتی فیصلے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کا بھی کہا گیا ہے۔