کراچی: اسٹیل ٹاؤن کے علاقے گھگھر پھاٹک قادر نگر میں 20 روزہ بیٹی کی ماں بختاور عرف بکھاں گھر کے اندر فائرنگ سے جاں بحق ہوگئی۔ پولیس نے واقعے کو گھریلو رنجش کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے خودکشی کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ مقتولہ کے شوہر اور پڑوسن کے مطابق دو مسلح افراد چوری کی نیت سے گھر میں داخل ہوئے اور خاتون کے شور مچانے پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اسٹیل ٹاؤن میں گھگھر پھاٹک پل کے قریب قادر نگر کچی آبادی میں فائرنگ سے 30 سالہ خاتون جاں بحق ہوگئی، جس کی شناخت بختاور عرف بکھاں زوجہ رسول بخش کے نام سے ہوئی۔ خاتون کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی۔
ایس ایچ او اسٹیل ٹاؤن انسپکٹر جاوید ابڑو کا دعویٰ ہے کہ واقعہ گھریلو رنجش کا شاخسانہ ہے اور مقتولہ نے خود کو گولی مار کر خودکشی کی، تاہم پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
مقتولہ کی پڑوسن شہزادی نے روزنامہ ایکسپریس کو بتایا کہ بختاور کی تقریباً ڈیڑھ سال قبل شادی ہوئی تھی اور اس کی 20 روزہ بیٹی ہے۔ مقتولہ کا آبائی تعلق اندرون سندھ کے شہر ٹنڈو محمد خان سے تھا جبکہ اس کا شوہر محنت مزدوری کرتا ہے۔
شہزادی کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب گھر کے دیگر افراد سو چکے تھے جبکہ بختاور اپنی بیٹی کو دودھ پلا رہی تھی کہ اسی دوران دو مسلح افراد دیوار پھلانگ کر گھر میں داخل ہوگئے۔
پڑوسن نے بتایا کہ مسلح افراد کو دیکھ کر بختاور نے چیخ و پکار شروع کردی، جس پر ملزمان مشتعل ہوگئے اور فائرنگ کردی۔ ایک گولی بختاور کے سر میں لگی، جس سے وہ شدید زخمی ہوگئی اور کچھ دیر بعد دم توڑ گئی، جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
مقتولہ کے شوہر نے بھی واقعے کو ڈکیتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دو ملزمان چوری کی نیت سے گھر میں داخل ہوئے تھے، جنہوں نے خاتون کے شور مچانے پر فائرنگ کرکے اسے قتل کردیا۔
دوسری جانب اسٹیل ٹاؤن کے ایک پولیس افسر نے بتایا کہ جس علاقے میں واقعہ پیش آیا ہے، وہ جرائم پیشہ افراد کی سرگرمیوں کے حوالے سے معروف ہے، جہاں چوری اور ڈکیتی سمیت مختلف جرائم کی وارداتیں عام ہیں۔
پولیس افسر کا کہنا تھا کہ اس سے قبل تعینات ہونے والے ایس ایچ اوز بھی علاقے میں جرائم کی وارداتیں روکنے اور ملزمان کو گرفتار کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔
پولیس افسر کے مطابق ممکنہ طور پر واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا ہوسکتا ہے، تاہم تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آسکیں گے۔
بختاور کی ہلاکت کے حوالے سے پولیس کے خودکشی کے دعوے اور اہل خانہ و پڑوسن کے ڈکیتی کے مؤقف میں تضاد موجود ہے، جبکہ واقعے کی اصل وجہ پولیس تحقیقات کے بعد واضح ہوگی۔
Lahore 25°C