لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ستمبر 2026 میں دورہ لندن پر آنے والے اخراجات اور سرکاری طیارے کے استعمال سے متعلق تفصیلات حاصل کرنے کے لیے پنجاب اسمبلی میں تحریک التواء جمع کرا دی گئی ۔
اپوزیشن رکن پنجاب اسمبلی وقاص محمود کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ کے دورہ لندن کے سفری اخراجات، سرکاری جہاز کے استعمال اور دیگر متعلقہ تفصیلات ایوان کے سامنے پیش کی جائیں۔
تحریک التواء میں درج معلومات کے مطابق 17 ستمبر 2026 کو سفری اخراجات کی مد میں 2 کروڑ 71 لاکھ 94 ہزار 4 روپے جمع کرائے گئے۔ یہ رقم بینک آف پنجاب کے چیک کے ذریعے عمر عباس کی وساطت سے جمع ہوئی، تاہم تحریک میں رقم جمع کرانے والے اکاؤنٹ اور اس کے مالک کی تفصیلات سامنے نہ آنے پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔
تحریک میں وزیراعلیٰ کے دورے کے اخراجات کو ان کی ڈکلیئرڈ آمدن کے تناظر میں بھی زیر بحث لانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سرکاری طیارے کے حوالے سے پنجاب حکومت کی جانب سے دیے گئے مختلف جوابات پر بھی وضاحت طلب کی گئی ہے۔
دستاویز کے مطابق طیارے کی پروازوں کے لیے دو غیر ملکی پائلٹس بھی تعینات کیے گئے ہیں، جن کی مجموعی ماہانہ تنخواہ تقریباً 70 ہزار امریکی ڈالر بتائی گئی ہے۔
وقاص محمود نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ یہ معاملہ عوامی اہمیت کا حامل ہے اور اس کا تعلق سرکاری وسائل کے استعمال، مالیاتی شفافیت اور قومی خزانے کے تحفظ سے ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ تحریک کو ایوان میں زیر بحث لانے کی اجازت دی جائے تاکہ متعلقہ اخراجات اور انتظامات کی مکمل تفصیلات سامنے آسکیں۔