**اسلام آباد:** انسداد دہشت گردی عدالت نے بیرئیر ہٹانے سے متعلق کیس میں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ پر فردِ جرم عائد کردی۔
کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کی، جس میں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔
سماعت کے دوران ہادی علی چٹھہ نے عدالت کو بتایا کہ انہیں اب تک کیس کی نقول فراہم نہیں کی گئیں۔ ان کا مؤقف تھا کہ قانونی تقاضے مکمل کیے بغیر فردِ جرم عائد نہیں کی جاسکتی۔
ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی وکیل زینب جنجوعہ نے بھی فردِ جرم عائد کیے جانے پر اعتراض اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملزمان کو کیس کی نقول نہیں ملیں اور نہ ہی انہیں اپنے وکلا سے ملاقات کا موقع فراہم کیا گیا۔
زینب جنجوعہ نے مؤقف اختیار کیا کہ جب تک تمام قانونی تقاضے مکمل نہیں کیے جاتے، عدالت کو فردِ جرم عائد نہیں کرنی چاہیے۔
عدالت نے وکلا کے اعتراضات کے باوجود ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ پر فردِ جرم عائد کردی۔ اس موقع پر جج طاہر عباس سپرا نے زینب جنجوعہ سے کہا کہ وہ عدالتی حکم کو چیلنج کرسکتی ہیں۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر دونوں ملزمان کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے استغاثہ کے گواہوں کو بھی طلب کرلیا۔
کیس کی مزید سماعت **9 اکتوبر** کو ہوگی۔
Lahore 25°C