کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پولیو سے بچاؤ ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور کسی بچے کو غربت، رہائش یا نقل مکانی کی وجہ سے حفاظتی قطروں سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے ہر بچے تک رسائی اور والدین کا اعتماد حاصل کرنا ضروری ہے۔

میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے عالمی یومِ انسداد پولیو کے موقع پر جاری بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انسدادِ پولیو مہم کے بعد ان بچوں کی نشاندہی بھی ضروری ہے جو کسی وجہ سے قطرے پینے سے رہ گئے ہوں۔ متعلقہ ٹیموں کو یہ معلوم کرنا چاہیے کہ بچے مہم میں کیوں شامل نہیں ہو سکے اور ان تک دوبارہ کب رسائی ممکن ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہر محروم رہ جانے والے بچے کے پیچھے ایک خاندان کی امیدیں وابستہ ہوتی ہیں، اس لیے انسدادِ پولیو کی کوششوں میں کسی بچے کو نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔

بلاول بھٹو زرداری کے مطابق والدین کے خدشات اور سوالات کو احترام سے سننا اور انہیں درست معلومات فراہم کرنا انسدادِ پولیو پروگرام کا اہم حصہ ہے۔ جہاں طبی سہولتوں تک رسائی مشکل ہو، وہاں خدمات پہنچانے کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے والدین اور طبی عملے کے درمیان اعتماد کو مضبوط بنانے پر بھی زور دیا۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جانب سے 1994 میں ملک گیر انسدادِ پولیو مہم شروع کرنے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری کو خود پولیو کے قطرے پلا کر والدین کو اعتماد کا پیغام دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مشن کی تکمیل اسی وقت ممکن ہوگی جب پاکستان کے ہر بچے کو حفاظتی سہولتیں میسر ہوں گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے پولیو ورکرز، خصوصاً گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلانے والی خواتین کارکنوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت کا اعتراف محفوظ ماحول، بروقت معاوضے اور باعزت حالاتِ کار کی فراہمی سے ہونا چاہیے۔ انہوں نے انسدادِ پولیو مہمات کے دوران جانیں قربان کرنے والے رضاکاروں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے والدین پر زور دیا کہ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ہر انسدادِ پولیو مہم کے دوران قطرے ضرور پلوائیں اور معمول کی حفاظتی ویکسینیشن بھی مکمل کروائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے منتخب نمائندے اور کارکن اپنے علاقوں میں پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور ان خاندانوں تک رسائی میں مدد دیں جن کے بچے کسی وجہ سے ویکسین سے محروم رہ جاتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کی کوششوں کے ساتھ اس بیماری سے متاثرہ بچوں اور افراد کی بحالی، تعلیم اور مساوی مواقع کی فراہمی پر بھی توجہ دینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا پاکستان ہونا چاہیے جہاں ہر بچے کو بیماری سے تحفظ حاصل ہو اور وہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق زندگی میں آگے بڑھ سکے۔