راولپنڈی: ملکی حالات کے پیش نظر راولپنڈی کے ریڈ زون میں سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ اہم سرکاری عمارتوں اور تنصیبات کے تحفظ کے لیے فول پروف سیکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں۔
مال روڈ سے اولڈ ایئرپورٹ تک 8 مختلف مقامات پر خصوصی پولیس پکٹس قائم کی گئی ہیں۔ ایم ایچ چوک، ٹی ایم فلیش مین چوک اور صدر میٹرو اسٹیشن سمیت ٹی اینڈ ٹی چوک، آر اے بازار روڈ، 22 نمبر چونگی اور شالیمار چوک، معرکہ حق اسکوائر پر بھی پولیس پکٹس قائم کر دی گئی ہیں۔
پولیس پکٹس پر 12، 12 گھنٹوں کی دو شفٹوں میں 24 گھنٹے اہلکار تعینات رہیں گے۔ ریڈ زون کو 4 سیکٹرز میں تقسیم کرکے مسلسل موبائل پولیس گشت کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
سیکیورٹی کے لیے پولیس کے ساتھ ایلیٹ کمانڈوز بھی تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ مال روڈ سے اولڈ ایئرپورٹ تک اہم مقامات پر سیکیورٹی مزید بڑھا دی گئی ہے۔
ڈولفن فورس کو بھی مخصوص علاقوں میں 24 گھنٹے پٹرولنگ کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ پولیس پکٹس اور پٹرولنگ پر مامور اہلکاروں کو ڈیوٹی کے دوران مستعد رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ریڈ زون کی سیکیورٹی کی نگرانی ایس ایس پی آپریشنز ملک طارق محبوب کریں گے، جبکہ کمانڈ اینڈ کنٹرول کی ذمہ داری سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا خود سرانجام دے رہے ہیں۔