کراچی: ولیکا اسپتال میں بچوں میں ایچ آئی وی پھیلنے کے معاملے کی تحقیقات کے لیے وفاقی سطح پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دینے کا مطالبہ سامنے آگیا۔ متاثرہ بچوں کے وکیل ایڈووکیٹ طارق منصور نے وزیراعظم سے معاملے کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کرانے کی اپیل کردی۔
طارق منصور کے مطابق سندھ سوشل سیکیورٹی کے زیر انتظام ولیکا اسپتال میں مبینہ طبی غفلت کے باعث 169 سے زائد بچے ایچ آئی وی سے متاثر ہوئے ہیں، جبکہ متاثرہ بچوں کی تعداد تقریباً 200 تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اب تک 9 بچے جاں بحق ہوچکے ہیں۔
وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سندھ حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ تاحال سامنے نہیں آئی، جبکہ واقعے کا مقدمہ بھی درج نہیں کیا گیا۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ معاملے کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
ایڈووکیٹ طارق منصور نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت پاکستان کمیشن آف انکوائری ایکٹ کی دفعہ 3 کے تحت تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے تاکہ بچوں میں ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کی وجوہات اور مبینہ طبی غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کیا جاسکے۔
انہوں نے وزیراعظم سے اپیل کی کہ تحقیقات کو صوبائی حکومت تک محدود رکھنے کے بجائے وفاقی سطح پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جائے تاکہ معاملے کی غیر جانب دارانہ تحقیقات یقینی بنائی جاسکیں۔
طارق منصور نے عوام سے بھی اپیل کی کہ متاثرہ بچوں کے معاملے کو اجاگر کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر جسٹس فور ولیکا اسپتال کو ٹرینڈ کیا جائے۔
Lahore 17°C