وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی انتظامی اور سیاسی ساکھ کھو دی ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ انہوں نے کہا تھا کہ اگر ہمت ہے تو آجاؤ، جس کے بعد گزشتہ روز ان کے مخالفین میں شدید ردعمل سامنے آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب کہا جا رہا ہے کہ ’’ہمارا مارچ، ہماری مرضی‘‘، جبکہ 27 ستمبر کے مارچ کی کال انہوں نے خود نہیں دی تھی بلکہ یہ کال تحریک انصاف کی جانب سے دی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ نہ یہ ان کی مرضی ہے اور نہ ہی یہ ان کا مارچ ہے۔ ان کے بقول خیبرپختونخوا میں گزشتہ 13 سال کے دوران تحریک انصاف کی حکومت کبھی اتنی کمزور نہیں ہوئی جتنی اب نظر آ رہی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے الزام عائد کیا کہ سہیل آفریدی اپنی انتظامی ساکھ بھی کھو چکے ہیں اور دہشت گردوں کا مقابلہ نہیں کر رہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ وہ تحریک انصاف کو بزدل اس لیے کہتے ہیں کیونکہ ان کے مطابق یہ واحد جماعت ہے جو ٹی ٹی پی کی بی ٹیم اور ٹی ٹی اے کی سی ٹیم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سہیل خان آفریدی تحریک انصاف میں اپنی ساکھ کھو چکے ہیں اور انہوں نے اپنی پارٹی اور کارکنوں کو مایوس کیا ہے۔ ان کے مطابق سہیل آفریدی کی بزدلی اور سیاسی نااہلی ثابت ہو چکی ہے۔