ملتان میں شیر شاہ پل کے قریب رحمان بابا ایکسپریس کی تمام 15 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، حادثے میں متعدد مسافر جاں بحق اور زخمی ہوگئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
رحمان بابا ایکسپریس کراچی سے پشاور جا رہی تھی کہ ملتان میں شیر شاہ پل کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی۔ ڈی ایس پی کینٹ کے مطابق حادثے میں 4 مسافر جاں بحق اور 12 زخمی ہوئے۔ حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں جبکہ ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو نشتر اسپتال ملتان منتقل کیا گیا۔
حادثے کے بعد متاثرہ مسافر اپنا سامان لے کر پٹری کے کنارے بیٹھے رہے۔ ایک مسافر نے بتایا کہ رحمان بابا ایکسپریس کو حادثہ صبح سوا 5 بجے پیش آیا جبکہ روہڑی کے قریب بوگی نمبر 9 کے نٹ بولٹ درست کیے گئے تھے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملتان میں رحمان بابا ایکسپریس کی بوگیاں پٹڑی سے اترنے کے واقعے اور جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد سے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے بھی ملتان میں رحمان بابا ٹرین حادثے میں مسافروں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ ٹرین حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس ہے اور وہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہیں۔ انہوں نے زخمی مسافروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے کارکنوں سے زخمیوں کی مدد کے لیے خون کے عطیات دینے کی اپیل کی۔
شیری رحمان نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ حادثے کے متاثرین کے لیے امدادی سرگرمیاں تیز کی جائیں اور زخمی مسافروں کو فوری طبی امداد اور علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔