یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے اہم مالیاتی مرکز پر حملے کا دعویٰ کیا ہے، جس کے نتیجے میں عالمی تیل کمپنی سعودی آرامکو سے منسوب ایک بلند عمارت متاثر ہوئی ہے۔
واقعے کے بعد عمارت کی متعدد منزلوں کے شیشے ٹوٹ گئے، تاہم سعودی حکام نے تصدیق کی ہے کہ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
خبر رساں اداروں رائٹرز، اے ایف پی اور الجزیرہ کی رپورٹس کے مطابق متاثرہ عمارت ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں واقع ہے، جو سعودی عرب کا ایک اہم کاروباری اور مالیاتی مرکز تصور کیا جاتا ہے۔
دوسری جانب سعودی قیادت میں قائم اتحادی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یمن سے ریاض کی جانب داغے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کو سعودی فضائی دفاعی نظام نے فضا میں ہی تباہ کردیا۔
ترجمان کے مطابق ریاض اور سعودی عرب کے جنوبی علاقوں کی جانب آنے والے دو کروز میزائلوں کو بھی روک لیا گیا۔